اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے گلگت بلتستان اسمبلی کی طرف سے تاریخی قرارداد پاس کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاست کی تاریخ پر اثرات مرتب ہوں گے، اپوزیشن جماعتیں گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دینے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی نے وفاقی حکومت سے گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے،گلگت بلتستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دینے پر اتفاق کرنا ایک بڑی پیشرفت ہے، امید ہے کہ اپوزیشن جماعتیں گلگت بلتستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کیلئے قرارداد پاس کرنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں گی۔
شیخ رشید احمد نے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ اس اقدام کو سپورٹ کریں اور آگے بڑھیں تاکہ ملک کے وسیع تر مفاد میں تاریخی مثال قائم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اس ایشو پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کرے گی تاہم پاکستان اپنے مفادات کو ترجیح دے گا، اس حوالے سے پاکستان کو آسانی سے چین کی حمایت حاصل ہو جائے گی اور ہمیں مل کر متفقہ طور پر بھارت کی سازشوں کو شکست دینا ہو گی