اپوزیشن ملک میں معاشی بحران پیدا کرنا چاہتی ہے،حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا،اپنی مدت پوری کرے گی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر

Asad Umar

اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں جان بوجھ کر کورونا پھیلا کر ملک میں معاشی بحران پیدا کرنا چاہتی ہیں تاکہ حکومت کیلئے مشکلات پیدا ہوں، حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، حکومت کیلئے تعلیمی اداروں کو بند کرنا انتہائی مشکل فیصلہ تھا، وزارت تعلیم نے آئن لائن کلاسز پر بہت محنت کی ہے تاکہ بچوں کی تعلیم زیادہ متاثر نہ ہو۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پہلے سے ہی حالات کا ادراک تھا اسی لئے بار بار عوام سے کہا تھا کہ اگر احتیاطی تدابیر جاری نہ رکھی گئیں تو کورونا کی دوسری لہر آ سکتی ہے، این سی او سی نے اکتوبر کے شروع میں خبردار کیا تھا کہ آگے حالات خراب ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں لیکن اپوزیشن نے ساتھ نہ دیا۔ اسد عمر نے کہا کہ جب اپوزیشن نہ مانی تو پھر وزیراعظم عمران خان نے این سی سی کے تیسرے اجلاس کے دوران اجتماعات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا، حکومت نے عوام کی صحت کے پیش نظر شیڈول جلسے موخر کئے لیکن اپوزیشن کہتی ہے کہ جو مرضی ہو جائے انہیں جلسے کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کہا تھا کہ سیاسی جماعتیں جلسے کریں تو عوام کو تاثر جائے گا کہ پاکستان سے کورونا ختم ہو گیا، حکومت کی کورونا کی پہلی لہر کے دوران حکمت عملی کامیاب رہی اور پوری دنیا نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا، اس وقت اپوزیشن مکمل لاک ڈائون کی بات کر رہی تھی اور اب یہ لوگ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کیلئے تعلیمی اداروں کو بند کرنا مشکل فیصلہ تھا تاہم بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل بحث کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، وزارت تعلیم نے آئن لائن کلاسز کیلئے بہت محنت کر رکھی ہے، قومی ٹی وی چینلز کو تعلیمی نشریات کیلئے استعمال کیا گیا اور اب ریڈیو میں بھی تعلیمی نشریات کو لانچ کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ بہت اہم ہے، قومی اداروں کو خود ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا ایکشن لینا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ مریم نواز کو ان کی دادی کے انتقال کی اطلاع دینا حکومت کی ذمہ داری نہیں تھی، مریم نواز کا گلہ حکومت سے نہیں بلکہ اپنے خاندان سے بنتا ہے۔