اپوزیشن نے جتنے جلسے کرنے ہیں کر لے، انہیں این آر او نہیں ملے گا، فرزندزرداری نے پختونوں کے زخموں کو تازہ کر دیا ہے،وفاقی وزیر مواصلات مرادسعید کا ردعمل

59

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ابو بچائو کی تحریک کو لیکر عوام کی زندگیوں کو خطرے میں دھکیل رہی ہے، اپوزیشن نے جتنے جلسے کرنے ہیں کر لے، انہیں این آر او نہیں ملے گا، بلاول زرداری پرچی کی بنیاد پر اپنی جماعت کے چیئرمین بنے ہیں، وہ کسطرح جمہوریت کی بات کر سکتے ہیں، بلاول نے آج پختونوں سے معافی مانگنے کی بجائے ان کے زخموں کو تازہ کر دیا ہے۔ اتوار کو پی ڈی ایم جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ءمیں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں خیبرپختونخوا کو کرپٹ صوبہ قرار دیا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے اقتدار میں آنے کے بعد صوبے سے نہ صرف کرپشن کا خاتمہ ہوا بلکہ امن، ترقی اور خوشحالی آئی ہے اور آج پورے صوبے میں ہر شہری کو مف علاج کی سہولت میسر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر وزیراعظم عمران خان حکومت کو دوبارہ دو تہائی اکثریت سے کامیابی دلوائی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے وقت طے ہوا تھا کہ تمام صوبے این ایف سی ایوارڈز سے تین فیصد شیئرز دیں گے، خیبرپختونخوا نے اپنا حصہ دے دیا لیکن سندھ حکومت کی جانب سے شیئرز نہیں دیئے گئے، فرزند زرداری نے معافی مانگنے کے بجائے پختونوں کے زخموں کو تازہ کر دیا ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ پختونوں نے ملک کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، ڈرون حملوں میں پختون شہید ہوتے رہے لیکن اس وقت کے حکمران امریکہ کو مزید ڈرون حملوں کی دعوت دیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ سب سے کرپٹ صوبہ ہے، صوبے کی ترقی کا سارا پیسہ کرپشن کی نظر ہوا اور پیپلزپارٹی کے قائدین کی کرپشن پر کتابیں لکھی گئیں، سندھ کے ہسپتالوں، سڑکوں اور غریب عوام کی حالت سب کے سامنے ہے، ان لوگوں نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے صرف ذاتی اثاثے بنائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات میں بری طرح ناکامی کے بعد پی ڈی ایم مزید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے، یہ لوگ جو مرضی کر لیں انہیں کسی صورت میں این آر او نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر آ چکی ہے، وبا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ہر ایک کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب کے حوالے سے کورونا ایس او پیز جاری کی گئی ہیں اور بلاول ہاﺅس میں داخلے سے قبل مہمانوں کیلئے کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی ہونا لازمی ہے، دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں غریبوں کو جان بوجھ کر کورونا میں دھکیل رہی ہیں، اپوزیشن دوہرا معیار ترک کر دے۔