اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات میں جو سرمایہ کاری کی وہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں کائونٹر ہو جائے گی،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پنجاب کالج راولپنڈی میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب ، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی شرکت

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں بہت بڑی سرمایہ کاری کی ہے لیکن آج ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں کائونٹر ہو جائے گی، مجھے پورا یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان اعتماد کے ووٹ میں اکثریت حاصل کر لیں گے اور آج ملکی سیاست میں ایک نیا عمران خان طلوع ہو گا۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے کی خاطر لوگوں نے اپنے ضمیر بیچے ہیں، ان لوگوں میں اتنی جرات نہیں ہے کہ وہ نہیں میں ووٹ دیں، وزیراعظم کا رکن اگر ان کے کہنے پر ووٹ نہ دے تو وہ ڈی سیٹ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن نے سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی تو ملک میں نیا بحران شروع ہو جائے گا، اپوزیشن جماعتیں بدعنوانی کیسز سے ریلیف حاصل کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہیں لیکن ان لوگوں کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ پارٹی ٹکٹ کیلئے نہیں بلکہ بھاری قیمت کیلئے بکتے ہیں، اپوزیشن نے 3 سے 4 ارب روپے سے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی ہے اور بے ایمان لوگوں نے اپنا ضمیر بیچا ہے، اسلام آباد سے ایک سیٹ ہارنے سے کوئی قیامت نہیں آ جائے گی، تحریک انصاف مجموعی طور پر سینیٹ انتخابات میں اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے، وزیراعظم عمران خان اعتماد کے ووٹ میں سرخرو ہوں گے اور ان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔