اپوزیشن نے کوئی بجٹ تجویز نہیں دی بیرسٹر عقیل احمد

4

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے کوئی بجٹ تجویز نہیں دی بلکہ غیر متعلقہ تقاریر اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے مطالبے کے ذریعے قوم کا وقت برباد کیا جبکہ اتحادی جماعتوں نے مثبت تجاویز دیں جس کا حکومت نے خیرمقدم کیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر عقیل نے کہا کہ حکومت نے موجودہ حالات میں بہترین اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے ۔بیرسٹر عقیل نے کہا کہ میرا تو خیال تھا کہ اپوزیشن بجٹ اجلاس کے دوران پاکستان اور عوام پاکستان کی بات کرے گی لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ انہوں نے اپنی سیاسی دکان چمکانے کی ناکام کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بجٹ اجلاس کے دوران غیر ضروری تقاریر کیں اور بجٹ کے حوالے سے کوئی تجاویز نہیں دیں، وہ صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرتی رہی، اس کے برعکس اتحادی جماعتوں نے مثبت تجاویز دیں جن کا خیر مقدم کیا گیا ۔بیرسٹر عقیل نے کہا کہ جو تجاویز دینا اپوزیشن کا کام تھا وہ اتحادیوں نے سر انجام دیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن نے بجٹ کے دوران نہ صحت اور نہ تعلیم پر بات کی، ان کا صرف ایک ہی رونا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔