لاہور۔27دسمبر (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے گور نر ہائوس لاہورمیں ملاقات کی جس میں سیاسی اور پار لیمانی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی ۔گور نر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کا مشن احتساب کے عمل کو ”بر یک “لگوانے کے سواکچھ نہیں مگر جب تک عمران خان وزیر اعظم ہیں کر پشن کے خاتمے اور احتساب پر کسی سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ‘5سالہ آئینی مدت پوری کر نا تحر یک انصاف کی حکومت کا آئینی اور جمہوری حق ہے جو کوئی ہم سے چھین نہیں سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی ہی تحر یک انصاف کا مشن ہے ،ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچانے کے بعد آج ہم نے ملک کو معاشی طور پر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، کورونا کی وجہ سے مشکل حالات کے باوجود بزنس کمیونٹی سمیت ہر شعبے میں عوام کو جو ریلیف موجودہ حکومت دے رہی ہے اسکی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی ۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ ا پوزیشن کی تمام تر احتجاجی سیاست کا ایجنڈہ ملک میں احتساب کے عمل کو بر یک لگوانا ہے مگر کر پشن کا خاتمہ اور شفاف احتساب22کروڑ پاکستانی عوام کی آواز ہے اور جب تک آخری کر پٹ شخص انصاف کے کٹہرے میں نہیں آجاتا اس وقت تک ہر صورت شفاف اوربلاتفر یق احتساب جاری رہیگااور پاکستان کو کر پشن سے مکمل پاک کیا جائیگا ۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ذاتی یا سیاسی کوئی ایجنڈہ نہیں وہ صرف پاکستانی عوام کی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں جسکے لیے نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم ‘اور احساس پروگرام جیسے منصوبے شروع کئے، تحر یک انصاف کی حکومت عوام کو مایوس نہیں کر یگی اور ان کو ہر شعبے میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائیگا ۔بعدازں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے سکردو میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پاک افواج کے افسران سمیت چار فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی اور اظہار تعزیت کیاہے ۔