اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں ہے ،وزارت داخلہ نے ایک برس میں نادرا کے 87نئے سنٹرز کھولے ،سعودی عرب سے ہمارے رشتے ہمالیہ سے بھی بلند ہیں ، شیخ رشید احمد

120
اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں ہے ،وزارت داخلہ نے ایک برس میں نادرا کے 87نئے سنٹرز کھولے ،سعودی عرب سے ہمارے رشتے ہمالیہ سے بھی بلند ہیں ، شیخ رشید احمد

اسلام آباد ۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں ہے ،وزارت داخلہ نے ایک برس میں نادرا کے 87نئے سنٹرز کھولے، سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف وزارت داخلہ کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے ،سعودی عرب سے ہمارے رشتے ہمالیہ سے بھی بلند ہیں ، سعودی عرب اور پاکستان یکجان دو قالب ہیں ، سعودی وزیر داخلہ وزیراعظم پاکستان اور صدر مملکت سے بھی ملاقات کریں گے ،

وزیراعظم عمران خان 3فروری کو چین کا تاریخی دورہ کریں گے ، موجودہ عالمی صورتحال کے حوالے سے سی پیک و دیگر معاملات زیر غور آئیں گے ، پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیربھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں وزارت داخلہ میڈیا سنٹر میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ لال حویلی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب ہوگی ،شرکاءسے گذارش ہے کہ ماسک پہن کر آئیں ، نوزشریف ایک بدنصیب انسان ہے ،

جو جعلی رپورٹس کے بل بوتے بھاگ گیا ،دنیا میں ایسا کوئی لیڈر نہیں ہے جو اپنے ملک سے بھاگے ،خود کورونا کی وجہ سے نہیں آرہے اور لوگوں کوکہتے ہیں کورونا میں جلوس نکالو ،لوگوں کو بیماری میں دھکا دینا چاہتے ہیں اور خود ان کو اپنی صحت اتنی عزیز ہے ،عمران خان نے کہا تھا کہ تین ماہ اہم ہیں ایک ماہ گذر گیا ہے ،ساٹھ دن اور ہیں ،

اپوزیشن بڑے شوق سے اسلام آباد آئے ،اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں ، ان کے پلگوں میں کچرا پھنساہوا ہے ، 27فروری اور 23مارچ کو بھی شوق پورا کرلیں اور زیادہ شوق مولانا فضل ا لرحمن کو ہے ،عمران خان وہ واحد آدمی ہیں جو آج بھی افغانستان میں ہونے والے انسانیت کے مسائل پر آواز اٹھا رہے ہیں ۔شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ نے ایک برس میں نادرا کے 87نئے سنٹرز کھولے ،

سندھ میں 23،پنجاب میں 11، کے پی کے میں 16،بلوچستان میں 13،آزاد کشمیر میں بھی 13اور گلگت بلتستان میں 10جبکہ اسلام آباد میں ایک سنٹر شامل ہیں ۔وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ بیرون ملک 13نئے سنٹرز رواں برس قائم کیے جائیں گے ،

سندھ میں 13پاسپورٹ سنٹر بنانا چاہتے ہیں اس ضمن میں سندھ میں تیرہ جگہوں کی نشاندہی بھی کی جا چکی ہے ،تاخیر سندھ حکومت کی طرف سے ہورہی ہے ،پیسے ہمارے پاس موجود ہیں ،نادرا چیئرمین کو سندھ جانے کی ہدایت کردی ہے اور پاسپورٹ والوں کو بھی کہہ دیا گیاہے ،تمام چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو لیٹر لکھا گیاہے کہ امن و امان کی صورتحال سے الرٹ رہیں ،امن و امان کے خدشات کے پیش نظر چوروں چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو الرٹ کیاہے ،

انہوں نے واضح کیاکہ نہ کوئی صدارتی نظام آرہاہے ، نہ کوئی ایمرجنسی ہورہی ہے ،نہ کوئی ڈیل یا ڈھیل ہورہی ہے اور نہ کوئی عدم اعتماد ہونے جا رہاہے ، عدم اعتماد کا اگر کسی کو شوق ہے تو وہ پورا کرلے ،ساڑھے تین برس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ایک بھی بل ایسا نہیں جس میں حکومت نہ جیتی ہو ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ تحریک طالبان پاکستان نے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ کیا ہے، اسلام آباد میں ان کے دو دہشت گرد مارے گئے جس کی بدولت ہمیں وارداتوں کو کلیو ملا ہے ،ٹی ٹی پی ایسے مطالبے کررہی ہے جو کسی منتخب عوامی حکومت کے لیے قبول کرنا ممکن نہیں ہے ،اگر امن و مان کا مسئلہ پیدا ہوگا تو اسے ڈیل کیاجائے گا ،

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہاکہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کے انچارج صاحبان بااختیار ہیں ،ایف آئی اے میں بھی روٹیشن کی پالیسی ہوئی ہے اسی طرح نادرا میں بھی ہوگا ،عمران خان کی خوش نصیبی ہے اسے نالائق اپوزیشن ملی ،

افغانستان سے پانچ سو لوگ یومیہ آتے ہیں ،ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ آئی ایم ایف شوق سے کوئی نہیں جاتا ہم بھی مجبوری میں گئے ،ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ وزارت داخلہ ساس اور بہو کی لڑائیوں کے لیے نہیں ہے ۔