اپوزیشن کے کسی الٹی میٹم سے خوفزدہ نہیں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،چودھری برادران کمٹمنٹ نبھانے والے ہیں۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی

68
غیر یقینی صورتحال کو برقرار رکھنا، پاکستان کے مفاد میں نہیں ، الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری شفاف انتخابات کروانا ہے،مخدوم شاہ محمود قریشی

ملتان۔8مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی حق ہے،ہم،آئینی، قانونی اور سیاسی انداز میں ان کا مقابلہ کریں گے۔ان کے کسی الٹی میٹم سے خوفزدہ نہیں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔یہ وزیر اعظم عمران خان سے استعفیٰ مانگنے والے کون لوگ ہوتے ہیں۔اپوزیشن اپنی بقاکی لڑائی لڑرہی ہے،پیپلزپارٹی ملک نہیں اپنی تجوری بچانے کیلئے نکلی ہے،چودھری برادران کے ساتھ بہت وقت گزارا ہے وہ کمٹمنٹ نبھانے والے ہیں۔

منگل کو جاری بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے عدم اعتماد کو ا ن شاءاللہ شکست دیں گے،عمران خان ایک منتخب وزیراعظم ہیں جنہیں پاکستان کے عوام نے2018میں بھاری مینڈیٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ میری وزیراعظم عمران خان سےکچھ دیر پہلے بات ہوئی ہے بھرپور طریقے سے مقابلہ کرینگے۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاست ہے وہ اپنی کوشش کرینگے ہم اپنا دفاع کرینگے،ق لیگ ،ایم کیوایم اور بلوچستان عوامی پارٹی ان کا ساتھ کیوں دیں گی؟ ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ان اقدامات کے پیچھے جومحرکات ہیں ان سے وزیراعظم کوآگاہ کیاہے،کیونکہ اپوزیشن کی تحریک سے متعلق میری کچھ معلومات ہیں اور ان معلومات سے متعلق قوم کوجلدآگاہ کروں گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کو غور و فکر کرنا چاہیے کہ اس کی ٹائمنگ درست ہے یاغلط کیونکہ انکا منشور ایک نہیں ،یہ ایک دوسرے پر بھی اعتماد نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اگر عوام کا درد ہوتا تو ملک نہ لوٹتے ، اداروں کو تباہ نہ کرتے اور سندھ کا اس قدر حلیہ نہ بگاڑ دیتے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک نہیں اپنی تجوری بچانے کیلئے نکلی ہے ان کے مارچ میں زیادہ تر لوگ سندھ سے لائے گئے ہیں جنہیں 30،30 ہزار روپے کا پیکج دیا گیا ہے۔

اپوزیشن نے ذاتی مفادات کو سامنے رکھ کر تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا عام شہری کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور وزیراعظم عمران خان پریشر میں نہیں آئیں گے،ان پر دبائو نہیں لایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ملک اورپارٹی کے مفاد میں ہوگا۔عمران خان نے ناراض ارکان سے رابطہ کیا ہے اور انہیں سمجھایا بھی ہے،جمہوریت میں گلے شکوے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے پارٹی کے تمام ممبران صحیح فیصلہ کریں گے اور عمران خان کے فیصلوں میں ان کا ساتھ دیں گے۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ چودھری برادران کے ساتھ بہت وقت گزارا ہے وہ کمٹمنٹ نبھانے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چودھری برادران سے ہاتھ نہ کیا جائے تو یہ اپنی کمٹمنٹ نبھاتے ہیں،

ن لیگ نے اگر چودھری برادران کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچائی ہوتی تو چودھری برادران سے اپنی راہ جدا نہ کرتے۔انہوں نے کہا کہ چودھری برادران اور ان کے صاحبزادے برملا ساتھ دینے کا اظہار کرچکے ہیں اور ہمیں ان کی بات پر اعتبار ہے۔