اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر اہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر بغاوت پر اکسانے کے ملزم کی حوالگی کے معاملے پر جو تماشا لگایا گیا اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی ، عدالت کے حکم پر عمل درآمد میں رکاوٹ ڈالنا ،عدالت کے احکامات نہ ماننا عدالتی احکامات کے منہ پر تمانچہ ہے ، شہباز گل نے اداروں کے خلاف جو باتیں کیں اس کو دنیا بھر میں سنا گیا ، تحقیقاتی افسران کو لگتا ہے کہ ایک سازش اور مشاورت کے بعد شہباز گل نے یہ بیان دیا ، اس معاملے میں ایک سے زائد لوگ شامل ہوسکتے ہیں ،اس معاملے میں استعمال ہونے والا لیپ ٹاپ ، موبائل فون اور دیگر آلات برآمدگی کے لئے پراسکیویشن نے دوبارہ ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کیا تھا ۔
وہ بدھ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما ملک احمد خان نے کہا کہ شہباز گل کی حراست اور اڈیالہ جیل میں جو ڈرامہ لگا ہوا ہے اس میں کچھ وضاحت کرنا چاہتا ہوں، شہباز گل نے میڈیا پر بات چیت میں جونیئر افسران کو سینئر افسران کی بات نہ ماننے اور بغاوت پر اکسانے کو کوشش کی جس پر ان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج ہے ، اس مقدمے میں کلیئر چارج ہے ،پاکستان کے قوانین میں 120 تا 145 تک مختلف دفعات لگتیں ہیں
انہوں نے کہا کہ جب کوئی کسی خاص پوزیشن میں رہ کر بغاوت پر اکسانے کی کوشش کرے تو قانون خود اپنا راستہ بناتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج جو تماشا ہے اسکی کوئی مثال نہیں ملتی ۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کرنے والوں کو تشنگی تھی کہ جس طرح بلارکاوٹ شبہاز گل جو بول رہے تھےوہ کسی جانب بھجوائی گئی ہے اور جو جو آلات استعمال ہوئے ہیں ان کی برآمدگی لازمی ہیں ،توقع کی جارہی ہے کہ باقاعدہ سازش اور مشاورت کے ساتھ یہ بیان دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں پراسکیویشن کی جانب سے دوبارہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی ، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ، ایسا معمول کے مطابق ہوتا ہے ۔اس کیس میں عدالت نے ریمانڈ کر کے معاملہ سیشن کورٹ کو بھیجا کہ مزید برآمدگی کے لئے ریمانڈ لیا جائے ،اسلام آباد پولیس اور عدالت کا یہ معاملہ ہے ، پنجاب میں الگ جماعت کی حکومت ہے ، اسلام آباد کی اپنی جیل نہیں ہے جیل جہاں پر ہے وہ حدود راولپنڈی کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پوری مشینری اڈیالہ جیل کے باہر موجود ہے جن کا کوشش ہے کہ ملزم شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے نہ کیا جائے جبکہ اسلام آباد پولیس عدالتی فیصلے کی روشنی میں ملزم کو ریمانڈ کے لئے لینے کے لئے اڈیالہ جیل کے باہر کئی گھنٹوں سے موجود ہے ۔ احمد خان نے کہا کہ شہباز گل نے اداروں کے خلاف جو باتیں کیں اس کو دنیا بھر میں سنا گیا ، سب کچھ دیکھا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ چار سال پی ٹی آئی حکومت نے پکڑ دھکڑ کے سوا کیا کیا ہے، لوگوں کے خلاف بے بنیاد اور جعلی مقدمات قائم کیے ،جب مقدمات عدالتوں میں گئے تو عدالتوں نے قرار دیا کہ مقدمات بنتے ہی نہیں ، جو کیسز مہینوں میں مکمل ہونا تھے وہ کئی سال تک مکمل نہیں ہوسکے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر شہباز گل پر تشدد ہوا تو بتایا جائے کہ کون سے ذریعہ ہے جن نے یہ بتایا کیونکہ پنجاب کے وزیر نے کہہ دیا کہ شہباز گل پر کسی قسم کا تشدد نہیں ہوا ، اگر تشدد ہوا ہے تو کسی فورم پر رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے حکم پر عمل درآمد میں رکاوٹ ڈالنا ،عدالت کے احکامات نہ ماننا عدالتی احکامات کے منہ پر تمانچہ ہے ۔
ن لیگ کے سینئر راہنما ملک احمد خان نے کہا کہ فواد چوہدری قانون کی بالادستی کے وکیل بنے تھےلیکن آج ان کی بات چیت اسکی نفی کررہی ہے ، جب یہ تسلیم کرتے ہیں کہ یہ گفتگو نہیں ہونی چاہیے تھی اس کے بعد ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں ۔