اگر اپوزیشن جماعتیں استعفے دینا چاہتی ہیں تو پھر ان کو سینٹ الیکشن کی فکر نہیں کرنی چاہیے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

51

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیں گے اور وہ اسی تنخواہ پر اپنا کام جاری رکھیں گے، اگر اپوزیشن جماعتیں استعفے دینا چاہتی ہیں تو پھر ان کو سینٹ الیکشن کی فکر نہیں کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں استعفے صرف سیاسی اسٹنٹ کے لئے استعمال کررہی ہیں اور حکومت پر دبائو ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سینٹ کے تین الیکشن ایک ماہ قبل ہو چکے ہیں، الیکشن پہلے اس لئے کرائے جاتے ہیں کہ حلف برداری تک کے معاملات کو پورا کرنے کے لئے وقت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن جتنے جلدی ہو جائیں اتنا ہی اچھا ہے، آئین کا آرٹیکل (3)224 اس حوالے سے اجازت دیتا ہے کہ سینٹ کے الیکشن ایک ماہ قبل کرائے جا سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت کسی قسم کے دبائو کا شکار نہیں ہے، پی ڈی ایم کو پاکستان کے عوام نے مسترد کر دیا ہے، اپوزیشن کی رہی سہی کسر لاہور کے جلسے نے نکال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو صرف جلسوں میں تقریریں کرتے ہیں، اصل فیصلے کوئی اور کر رہا ہے، پیپلز پارٹی استعفوں کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے، ایک طرف بلاول بھٹو استعفے دینے کے بارے میں کہہ رہے ہیں اور دوسری جانب سندھ میں ضمنی الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں اور پارٹی ٹکٹ دیئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت انتخابات میں اصلاحات لانے کے بارے میں بات چیت کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مل بیٹھنے کے لئے تیار ہے لیکن اپوزیشن اس معاملے پر بات کرنے کو تیار نہیں ہیں کیونکہ وہ صرف اپنے ذاتی ایجنڈے کے تحفظ کے لئے سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان انتخابات میں شفافیت کے قائل ہیں، وزیراعظم عمران خان شو آف ہینڈز کے ذریعے سینٹ کے الیکشن کرانے کی بات اپنے وزیراعظم منتخب ہونے سے پہلے بھی کرتے تھے۔