مظفرآباد ۔5فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر کے تاریخی دن کے موقع پر سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں چوہدری لطیف اکبرنے پاکستانی و کشمیری عوام کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اہل کشمیر پاکستان کو ہی اپنی آرزوؤں اورامیدوں کا محور و مرکز سمجھتے ہیں،پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الااللہ ، چوہدری لطیف اکبر سپیکر قانون ساز اسمبلی نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا قانون ساز اسمبلی سے خطاب عالمی سطح پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تقویت پہنچانے کا سبب بنے گا،
انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کی دوٹوک حمایت وتجدید عہد پر کشمیری قوم چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی ممنون احسان ہے ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے ملک کیلئے روس کے گورباچوف ثابت ہوں گے آج دنیا بھر میں کروڑوں لوگ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کا مطالبہ کر رہے ہیں اور بھارت جمہوریت سیکولرازم کے جھوٹے راگ الاپنے میں مگن ہے۔
چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ کشمیری عوام اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی پاس شدہ قراردادوں کے مطابق اپنے خوشحال باوقار مستقبل کی خاطر جدوجہدکر رہے ہیں۔ کشمیری عوام مملکتِ خداداد پاکستان کی جانب سے آزادی کے لیئے غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سپیکرآزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اوردختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی کشمیراور کشمیریوں سے محبت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ترجیحات میں شامل ہے۔