پیرس۔9اگست (اے پی پی):ایئر فرانس نے لبنان میں سکیورٹی کی صورتِ حال کے پیش نظر فرانس کے دارالحکومت پیرس اور لبنان کے دارالحکومت بیروت کے درمیان پروازوں کی معطلی میں11 اگست تک توسیع کر دی ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق ایئر فرانس اور اس کی ذیلی کمپنی ٹرانساویا نے 29 جولائی سے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے لیے پروازیں روک دی ہیں جب اسرائیل نے لبنان سے راکٹ فائر کرنے کے بعد جوابی کارروائی کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا جس میں گولان کی پہاڑیوں میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ٹرانساویا نے بھی پروازوں کی معطلی میں 11 اگست تک توسیع کر دی ہے۔ایئر فرانس نےویب سائٹ پر پوسٹ میں کہاکہ آپریشنز کی بحالی مقامی صورتِ حال کے مزید جائزے سے مشروط ہو گی۔پوسٹ میں کہا گیا کہ ایئر فرانس اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ اس کے صارفین اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔دیگرایئر لائنز نے بھی بیروت کے لیے پروازیں روک دی ہیں۔