ایبٹ آباد۔ 9 ستمبر (اے پی پی):ایبٹ آباد پولیس نے ایک کارروائی میں اپر ملک پورہ کے محمد عمران خان عرف ایمو کے قاتل مانی گل کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ 2 فروری 2024ءکو مانی گل کو مقتول محمد عمران خان عرف ایمو کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ سٹی پولیس کے انسپکٹر محمد نواز نے دیگر سٹاف کے ہمراہ مقدمہ علت 74 جرم 34/302 پی پی سی تھانہ سٹی میں ملزم مانی گل کے بذریعہ موٹر وے بسلسلہ راضی نامہ مقتول کے وارثین سے ملنے آنے کی اطلاع کو مصدقہ جان کر جبڑیاں کے مقام پر موٹروے پل کے قریب ملزم کو انتہائی مہارت اور حکمت عملی سے گرفتار کیا۔
اس موقع پر ملزم مانی گل سے ایک ضرب پستول 30 پور بمعہ 17 عدد کارتوس برآمد کر کے ملزم کو بند حوالات تھانہ سٹی کیا گیا۔ ملزم ڈکیتی کی واردات مقدمہ علت 24/669 جرم 392 تھانہ حویلیاں میں مطلوب و مفرور تھا۔ اسی طرح ملزم بحوالہ مقدمہ علت 740 مورخہ 3 اکتوبر 2018ءجرم 34/109/302 تھانہ یکہ توت پشاور میں نامزد ملزم اشتہاری اور مفرور تھا اور مقدمہ علت 24/587 تھانہ آئی نائن اسلام آباد میں گرفتار ہو کر ضمانت پر تھا اور اسی طرح دیگر تھانوں میں بھی مطلوب تھا۔
اس موقع پر ایس ایس پی طاہر اقبال خان شعبہ تفتیش ضلع ایبٹ آباد نے تمام او آئی آئی صاحبان تھانہ جات کو جملہ مفرور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاریوں کی ہدایات جاری کی تاکہ مدعیان کو جلد اور معیاری انصاف مہیا کیا جا سکے۔