اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):ایتھوپیاکے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں نامزد سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے بدھ کے روز راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا پہلا باضابطہ دورہ کیا، دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کرنا اور ایتھوپیا کے فروغ پزیر معاشی شعبوں میں غیر معمولی سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا تھا۔ دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، ادارہ جاتی …
ایتھوپیاکے پاکستان میں نامزد سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا پہلا باضابطہ دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):ایتھوپیاکے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں نامزد سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے بدھ کے روز راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا پہلا باضابطہ دورہ کیا، دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کرنا اور ایتھوپیا کے فروغ پزیر معاشی شعبوں میں غیر معمولی سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا تھا۔ دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، ادارہ جاتی روابط اور مستقبل کے اشتراکِ عمل سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

دونوں فریقین نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اور ہموار تعاون کے طریقۂ کار پر بھی غور کیا۔پاکستان کے مختلف معاشی شعبوں کی نمائندگی کرنے والے کاروباری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے ایتھوپیا کی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی مقامی معاشی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں پانچ اہم شعبوں زراعت و زرعی پراسیسنگ، مینوفیکچرنگ، کان کنی، سیاحت اور انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں وسیع کاروباری مواقع پیدا ہوئے ہیں۔سفیر نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ سطحی “انویسٹ اِن ایتھوپیا” فورم میں شرکت کرے، جو 26 تا 27 مارچ 2026 کو ادیس ابابا، ایتھوپیا میں منعقد ہوگا۔

اس فورم میں دنیا بھر سے 700 سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور ترقیاتی شراکت داروں کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے آر سی سی آئی کو یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد میں ایتھوپیا کا سفارت خانہ، پاکستان کی کاروباری برادری کو دو طرفہ معاشی تعلقات کے غیر استعمال شدہ امکانات تلاش کرنے میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور سفارت خانے اور چیمبر کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی سطح پر تعلقات معاشی سفارت کاری کے اہم محرک ہوتے ہیں، جنہیں مضبوط بنانے کے لیے دونوں جانب سے مربوط توجہ کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک مزید قریب آ سکیں۔صدر نے تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئےایتھوپیاکے وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا کی حاصل کردہ معاشی ترقی کی بھی تعریف کی۔
سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس اور سابق صدر راجہ عامر نے بھی ایتھوپیا اور پاکستان کے تعلقات کے مستقبل پر اظہارِ خیال کیا۔ نشست کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا، جس کے بعد ایتھوپیاکے کی جانب سے کرسمس کی خوشی میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی۔







