ایتھوپیا میں آرتھوڈوکس خانقاہ پر لینڈ سلائیڈ، 14 افراد ہلاک

ایتھوپیا کے شمالی علاقے امہارا میں شدید بارشوں کے باعث مٹی کا تودہ گرنے سے ایک آرتھوڈوکس خانقاہ میں عبادت میں مصروف 14 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے

ادیس ابابا۔4اگست (اے پی پی):ایتھوپیا کے شمالی علاقے امہارا میں شدید بارشوں کے باعث مٹی کا تودہ گرنے سے ایک آرتھوڈوکس خانقاہ میں عبادت میں مصروف 14 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی نیوز ایجنسی بی ایس ایس کے مطابق چرچ حکام نے بتایاکہ یہ واقعہ ادیس ابابا سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع علاقے سیلا ڈنگائے میں پیش آیا، جہاں رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی کے بعد مٹی اور پتھروں کا بڑا تودہ پہاڑی سے نیچے آ گرا اور تسادکانے مریم آرتھوڈوکس خانقاہ کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

متعلقہ ڈایوسیز کے سربراہ میگابے ہادیس نیکا طیبیب ابابو نے بتایا کہ 14 عبادت گزار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ شدید زخمی ہونے والے تین افراد کو دیبرے برہان ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اموات کی تعداد حتمی ہے۔مقامی حکام نے بھی واقعے میں 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے شدید بارشوں کے بعد آنے والا اچانک لینڈ سلائیڈ قرار دیا ہے۔

 

مزید خبریں