ایتھوپین پارلیمنٹ کی دوطرفہ تجارتی معاہدے کی توثیق اہم سنگ میل ،دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے،صدر آئی سی سی آئی احسن ظفربختاوری

160
Ahsan Zafar Bakhtawari
Ahsan Zafar Bakhtawari

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):ایتھوپین پارلیمنٹ کی طرف سے دوطرفہ تجارتی معاہدے کی توثیق اہم سنگ میل ہے، اس سے دونوں ممالک کے سیاسی، سفارتی اور تجارتی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے ۔ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن بختاوری نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی معاہدے سے دو طرفہ تجارت کو فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی،پاک۔ ایتھوپیا تعلقات کی بہتر ی کےلئے سفیرجمال بیکر عبداللہ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہونے سے دو طرفہ تعلقات میں اضافہ ہوا، پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا افریقی ممالک کےساتھ تجارتی تعلقات میں اضافہ قابلِ ذکر ہے،پاکستان، ایتھوپیا سمیت تمام افریقی ممالک کےساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔