ایرانی سپریم لیڈر پر حملہ اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا، ایرانی صدر

تہران۔19جنوری (اے پی پی):ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای پر کوئی بھی حملہ اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمارے ملک کے عظیم قائد پر حملہ ایرانی عوام کے خلاف ہمہ گیر جنگ چھیڑنے کے مترادف ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو …

تہران۔19جنوری (اے پی پی):ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای پر کوئی بھی حملہ اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمارے ملک کے عظیم قائد پر حملہ ایرانی عوام کے خلاف ہمہ گیر جنگ چھیڑنے کے مترادف ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اب ایران میں نئی قیادت کی تلاش کا وقت آ گیا ہے۔ ٹرمپ نے علی خامنہ ای کی 37 سالہ حکمرانی کے خاتمے پر زور دیا تھا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے ملک میں کئی ہفتوں سے جاری احتجاجی مظاہروں کی ذمہ داری ٹرمپ پر عائد کی تھی۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق علی خامنہ ای نے کہا کہ ہم امریکی صدر کو ان اموات ، نقصانات اور ایرانی قوم کی ساکھ کو پہنچنے والی ٹھیس کی وجہ سے مجرم قرار دیتے ہیں۔ ایران میں معاشی مشکلات کے پیشِ نظر 28 دسمبر کو احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے تھے۔ ٹرمپ نے بارہا مداخلت کی دھمکی دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے مظاہرین کو سزائے موت دی تو وہ انتہائی سخت کارروائی کریں گے۔