ایران اور ترکیہ کے صدور کا ٹیلی فونک رابطہ، دو طرفہ تعلقات بڑھانے اور غزہ کے بحران سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات پر زور

68
Iran and Turkey
Iran and Turkey

تہران ۔1اپریل (اے پی پی):ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نےترک ہم منصب رجب طیب اردوان کے ساتھ فون پر بات چیت کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے اور غزہ کے بحران سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔شنہوا نے ایرانی صدر کے دفتر کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان کے حوالے سے بتایا کہ دونوں فریقوں کے لیے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے توانائی کے شعبے میں ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے مفادات کے تحفظ اور مسلم دنیا میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ ابراہیم رئیسی نے غزہ تنازعے کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے رمضان المبارک میں ساحلی علاقوں میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کی قرارداد کے باوجود غزہ میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھ کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

ایرانی صدر نے اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ ساتھ دیگر علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے فریم ورک کے اندر مسلم ممالک کے درمیان زیادہ ہم آہنگی، تعاون اور اتحاد پر زور دیا تاکہ غزہ کے لوگوں کی مدد کی جا سکے اور اس پٹی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد بھیجی جا سکے۔