ایران میں بچیوں کے پرائمری سکول پر حملہ انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے،چینی مندوب کا انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب

ایران میں بچیوں کے پرائمری سکول پر حملہ انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے،چینی مندوب کا انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب

جنیوا۔28مارچ (اے پی پی):چین نے ایران میں بچیوں کے پرائمری سکول پر امریکی و اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی اخلاقیات اور ضمیر سے ماورا اقدام قرار دیا ہے ۔چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این )کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب میں چینی مندوب جیا گائیڈ نے کہا کہ یہ حملہ "انسانی اخلاقیات اور ضمیر کی حد سے تجاوز ، انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے مشرق وسطیٰ میں تنازعات کو بڑھاوا دیا ہے ۔ چینی مندوب نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تمام ممالک کی علاقائی سالمیت کا احترام کریں۔واضح رہے کہ ایران نے شجرہ طیبہ نامی بچیوں کے پرائمری سکول پر حملے پر بحث کے لیے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بحث کا مطالبہ کیا تھا۔ رواں ماہ کے آغاز میں ہونے والے اس حملے میں 175 سے زیادہ بچے اور اساتذہ مارے گئے تھے۔ امریکی فوج اور اسرائیل نے ابھی تک اس حملے کی اپنی الگ الگ تحقیقات مکمل نہیں کی ہیں ۔