اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):ایران میں پھنسے ہم وطنوں کو لے کر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی دوسری خصوصی پرواز آذر بائیجان کے شہر باکو سے لاہور پہنچ گئی۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 7160 کے ذریعے ایران میں پھنسے ہوئے 121 مسافر جمعہ کی سہ پہر 3 بجکر 40 منٹ پر بحفاظت وطن پہنچے۔
ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث ایران میں موجود پاکستانی شہری زمینی راستے کے ذریعے آذر بائیجان کے شہر باکو پہنچے۔ اس تمام عمل میں ایران اور آذر بائیجان میں پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ قومی ایئر لائن کی یہ خصوصی پرواز حکومت پاکستان کی ہدایات پر روانہ ہوئی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے نے اس مشکل گھڑی میں بھی قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی خدمات پیش کیں جو اس کی دیرینہ روایت ہے۔