اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):ایران نے اسرائیل پربیلسٹک میزائل حملہ کردیا ہے ۔ایرانی پاسدارن انقلاب گارڈز کی طرف سے اسرائیل پر حملے کے بعد منگل کی رات جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل پرحملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ پرحملے کابدلہ ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کیے گئے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے۔ تل ابیب اور شیرون میں راکٹ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب 102 سے زائدمیزائل فائر کئے گئے ہیں ۔
اسرائیلی فوج نے اپنے شہریوں کو تاحکم ثانی محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور شیرون میں راکٹ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ اس حملے کے بعد اسرائیل کی فضائی حدود بند کردی گئی ہیں اور ہوائی اڈوں پر موجود تمام مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک ایرانی اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ردعمل پر ایران کسی بھی جوابی کارروائی کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق میزائلوں سے اسرائیل کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اسرائیلی حکومت اور امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایران آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس سے قبل شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد اپریل میں بھی ایران نے اسرائیل پر متعدد میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔جولائی میں تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران پر شدید دبائو تھا کہ وہ اسرائیل کے حملے کا جلد جواب دے۔