تہران۔9اکتوبر (اے پی پی):ایران نے اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی میں حماس کی مدد کی تردید کر دی۔قبل ازیں امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی پاسداران انقلاب کے افسران نے اگست سے اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی میں حماس کی مدد کی تھی اورایران نے ہی گزشتہ پیر کو لبنان کے شہر بیروت میں ہونے والے اجلاس میں اس کارروائی کو شروع کرنے کے لئے گرین سگنل دیا تھا۔
تہران نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ اس نے حماس کو ہفتے کی صبح اسرائیل پر اچانک حملے کی منصوبہ بندی میں مدد کی تھی۔اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے ایک بیان میں کہا کہ حماس نے جو بھی فیصلے کئے وہ خالصتاً خود کئے اور یہ فیصلے فلسطینی عوام کے جائز مفادات سے ہم آہنگ ہیں، ہم اسرائیل کے خلاف فلسطین کے ردعمل میں شامل نہیں ہیں ۔
دریں اثنا حماس کے ایک اور عہدیدار علی براکا نے این بی سی نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ ایران کو آپریشن الاقصیٰ فلڈ بارے پہلے سے مطلع نہیں کیا گیا تھا۔