واشنگٹن ۔24اکتوبر (اے پی پی):امریکا نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس کے غیر مستحکم رویے سے غافل نہیں ہے ۔ امریکی خبررساں ادارے کے مطابق سٹریٹجک کمیونیکیشن کے لیے نیشنل سکیورٹی کونسل کے کوآرڈینیٹر جان کربی نے یہ ریمارکس امریکا اور ایران کے درمیان نئے سرے سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے پیش نظر دیے ۔
انہوں نے ایک آن لائن پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے میں ایرا ن کا کردار شامل ہونے بار ے تصدیق کر رہا ہے تاہم ابھی اس بارے ہمارے پاس کو ئی واضح ثبوت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف اتنا کہوں گا کہ ہم ایران کے عدم استحکام کے رویوں اور خطے میں ان سے لاحق خطرات سے کبھی بھی غا فل نہیں رہے ۔
انہوں نے ایران سے پیدا ہونے والے سکیورٹی خدشات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں فوجی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے امریکا کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے خلیجی خطے میں بحری اور فضائی صلاحیتوں کو تقویت بخشی ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہم خطے میں اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ زیادہ مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس حقیقت سے باخو بی واقف ہیں کہ ایران حماس اور حزب اللہ جیسے گروپوں اور عراق اور شام میں ملیشیا ئوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔