ایس آئی ایف سی پاکستان کی معاشی بحالی کی ریڑھ کی ہڈی بن چکی ہے، تجزیہ کار

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) سرمایہ کاری کا وہ دروازہ ہے جو اب پوری طرح کھل چکا ہے اور جس نے پاکستان کی معاشی سمت کو درست راستے پر ڈال دیا ہے۔ منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئےسینئر تجزیہ کار اور پاک چین امور کے ماہر رشید صافی نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے میدان میں حالیہ نمایاں …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) سرمایہ کاری کا وہ دروازہ ہے جو اب پوری طرح کھل چکا ہے اور جس نے پاکستان کی معاشی سمت کو درست راستے پر ڈال دیا ہے۔ منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئےسینئر تجزیہ کار اور پاک چین امور کے ماہر رشید صافی نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے میدان میں حالیہ نمایاں پیش رفت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ایس آئی ایف سی پاکستان کی معاشی بحالی کی ریڑھ کی ہڈی بن چکی ہے۔

رشید صافی کا کہنا تھا کہ ماضی میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو طویل دفتری کارروائیوں، پالیسیوں کے عدم تسلسل اور مختلف اداروں کے درمیان رابطے کے فقدان کا سامنا تھا، تاہم ایس آئی ایف سی کے قیام کے بعد ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاری کے عمل کو نہ صرف آسان بنایا گیا ہے بلکہ فیصلہ سازی کے عمل میں تیزی بھی آئی ہے۔

ان کے مطابق یہ وہ بنیادی اصلاحات ہیں جن کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے خاص طور پر توانائی، زراعت، معدنیات، انفراسٹرکچر اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ ان شعبوں میں غیر ملکی شراکت داری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو براہِ راست عوام کی معاشی حالت پر مثبت اثر ڈالیں گے۔پاک چین تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رشید صافی نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ایس آئی ایف سی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ان کے مطابق صنعتی تعاون، خصوصی اقتصادی زونز اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ میں ایس آئی ایف سی ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے، جس سے پاک چین معاشی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔رشید صافی نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے نہ صرف سرمایہ کاروں کے لیے سہولت کاری کا کردار ادا کیا ہے بلکہ پالیسیوں کے تسلسل اور ریاستی سطح پر یکسوئی کا واضح پیغام بھی دیا ہے۔

ان کے بقول یہی وہ عوامل ہیں جو پاکستان کو خطے میں سرمایہ کاری کے لیے ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ رفتار اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہا تو ایس آئی ایف سی کے ذریعے آنے والی سرمایہ کاری پاکستان کی معاشی بحالی، برآمدات میں اضافے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔