ایس آئی ایف سی کی توانائی دوست حکمت عملی کے ثمرات ،بلوچستان میں گیس کی اہم دریافت، ملکی توانائی شعبے میں نمایاں پیش رفت

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایف آئی ایف سی) کے اصلاحاتی وژن کے تحت پاکستان توانائی کے شعبے میں مقامی پیداوار بڑھانے اور درآمدی انحصار کم کرنے کی سمت مسلسل پیش رفت کر رہا ہے، اسی سلسلے میں بلوچستان میں قدرتی گیس کی ایک اہم دریافت سامنے آئی ہے جو قومی توانائی تحفظ کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ایس آ ئی ایف …

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایف آئی ایف سی) کے اصلاحاتی وژن کے تحت پاکستان توانائی کے شعبے میں مقامی پیداوار بڑھانے اور درآمدی انحصار کم کرنے کی سمت مسلسل پیش رفت کر رہا ہے، اسی سلسلے میں بلوچستان میں قدرتی گیس کی ایک اہم دریافت سامنے آئی ہے جو قومی توانائی تحفظ کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ایس آ ئی ایف سی حکام کے مطابق ماری انرجیز لمیٹڈ نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں واقع کلچس ساؤتھ بلاک کے تبری-1 کنویں میں کامیاب گیس دریافت کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

یہ کلچس ساؤتھ بلاک میں پہلا کامیاب کنواں ہے جو ملکی سطح پر گیس کی پیداوار میں اضافے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔تبری-1 کنواں گزشتہ برس کھودا گیا تھا اور اسے 7,170 فٹ کی گہرائی تک ڈرل کیا گیا۔ ابتدائی ٹیسٹنگ کے نتائج کے مطابق کنویں سے یومیہ 11 ایم ایم ایس سی ایف ڈی تک گیس کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کنویں کی مکمل پیداواری صلاحیت جانچنے کے لیے مزید ٹیسٹنگ اور تجزیاتی عمل جاری ہے۔یہ دریافت نہ صرف مقامی گیس پیداوار میں اضافے بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار میں کمی اور قومی توانائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اس منصوبے میں یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ بطور آپریٹر شامل ہے جبکہ ماری انرجیز لمیٹڈ اور دیوان پیٹرولیم جوائنٹ وینچر کے شراکت دار ہیں۔توانائی کے شعبے میں یہ پیش رفت پاکستان کے ہائیڈروکاربن وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے، مقامی توانائی صلاحیت میں اضافے اور صنعتی ترقی کے فروغ کے عزم کی واضح عکاس ہے۔ ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے بلوچستان میں توانائی کی یہ دریافت ملکی معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔