ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کا سی ٹی او اسلام آباد اور اے ڈی سی جی اسلام آباد کے ہمراہ امام بارگاہوں کا دورہ

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کا سی ٹی او اسلام آباد اور اے ڈی سی جی اسلام آباد کے ہمراہ امام بارگاہوں کا دورہ

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد (ایس ایس پی) آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے سی ٹی او اسلام آباد اور اے ڈی سی جی اسلام آباد کے ہمراہ امام بارگاہوں کا دورہ کیا،ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے امام بارگاہوں پر سکیورٹی انتظامات کا جائرہ لیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کےمطابق ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہرخان ،اے ڈی سی جی اسلام آباد صاحبزادہ محمد یوسف اور ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز حسین کے ہمراہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف امام بارگاہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے امام بارگاہ کے اطراف سکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، جلوسوں کے روٹس، چیکنگ پوائنٹس اور تعینات پولیس نفری کے فرائض کا تفصیلی معائنہ کیا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عزاداران کے جان و مال کے تحفظ، مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد اور امن و امان کی صورتحال کوبرقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران و جوان مکمل چوکس رہیں اور اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کے ساتھ موثر رابطہ اور مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جائےجبکہ جاری کردہ سکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

ایس ایس پی آپریشنز نے افسران کو مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے، داخلی و خارجی راستوں کی موثر نگرانی کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر ردعمل کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نےکہا کہ اسلام آباد پولیس محرم الحرام کے دوران شہریوں اور عزاداران کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور تمام سکیورٹی اقدامات کو موثر انداز میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداران کی حفاظت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

مزید خبریں