اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی اور سابقہ ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ ایس ایم ایزدوست بینکاری پالیسیوں کے ذریعے قرضوں کے حصول کو آسان اور یقینی بنایا جائے،ریگولیٹری فریم ورک کو سادہ بنایا جائے اور اس شعبے کے لیے ٹیکس مراعات میں بہتری لائی جائے،حکومت ایس ایم ایز کو انوویشن کے ذریعے برآمدی انڈسٹری میں تبدیل کرنے کیلئے سرپرستی اور مالی معاونت کرے ۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ایس ایم ایز کے شعبہ پر اس طرح توجہ نہیں دی گئی جس کی ضرورت تھی
حالانکہ یہ افرادی قوت اور حقیقی معیشت کی مدد کرنے میں اہم ترین ٹول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک ایسے ہیں جو ایس ایم ایز سے اتنی برآمدات کر رہے ہیں جن کا حجم ہماری مجموعی برآمدات سے کئی گنا زیادہ ہے ۔ خادم حسین نے کہا کہ وفاقی او ر صوبائی حکومتیں چھوٹے کاروبار کرنے والوں کی سرپرستی اور مالی معاونت کریں ، ان کے لئے این او سیز کی رکاوٹوں کو سرے سے ختم کیا جائے ، یوٹیلٹی بلز میں خصوصی رعایت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کے ذریعے جہاں بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا وہیں ہماری معیشت کو بھی ترقی ملے گی ۔
موجودہ حکومت کی جانب سے ایس ایم ایز کے لئے آسانیاںپیدا کی گئی ہیں جس کے ثمرات بھی سامنے آرہے ہیں۔ حکومت ایس ایم ایز میں آنے والوں کو باقاعدہ تربیت فراہم کرے اور کوشش کی جائے کہ اسے برآمدی صنعت میں تبدیل کیا جائے تاکہ ہماری معیشت مضبوط ہوسکے۔