ایس این جی پی ایل ٹاسک فورس کی جانب سے کمرشل میٹرز کی ٹمپرنگ میں ملوث صارفین کو بھا ری جرمانے عائد

66
Sui Northern Gas Pipelines Limited
Sui Northern Gas Pipelines Limited

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اسلام آباد ریجن کے جنرل منیجر ریجن اظہر رشید شیخ کی ہدایت پر محکمہ کی ٹاسک فورس نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقوں مری، فتح جنگ ،اٹک اور واہ کینٹ میں گیس چوری کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے دوران کمرشل میٹرز کی ٹمپرنگ میں ملوث صارفین کو بھا ری جرمانے کرنے کے علاوہ ان کے خلاف ایف  آئی آرز درج کرا دی ہیں۔

ایس این جی پی ایل کے ترجمان کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اسلام آباد کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان اور منیجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل عامر طفیل کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے سوئی ناردرن گیس اسلام آباد ریجن کے جنرل منیجر اظہررشید شیخ نے ریجن بھر میں تشکیل دی جا نے والی ٹاسک فورس کے افسران اور اہلکاروں کو گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف کسی قسم کے ممکنہ دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر بلا امتیاز آپریشن جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔

اس ضمن میں انہوں نے ٹاسک فورس کو لیگل ٹیم کی معاونت بھی مہیا کی ہے تاکہ ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے میں انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ واضح رہے کہ گیس تھیفٹ کنٹرول اینڈ ریکوری ایکٹ 2016 کے تحت محکمہ سوئی گیس کی ملکیتی پائپ لائن یا متعلقہ تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور گیس چوری میں ملوث ہونے سے متعلق سخت سزاؤں پر عملدرآمد جاری ہے۔

متذکرہ ایکٹ کے تحت گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچانے کے جرم میں ملوث افراد کو 14 سال قید اور ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے ۔اسی طرح کمرشل یا صنعتی میٹر کو نقصان پہنچانے کے جرم میں ملوث افراد کو 10 سال قید اور 50 لا کھ جرمانہ ،بد نیتی سے گیس ضائع کرنے پر 7سال قید اور 50 لا کھ جرمانہ ،گیس کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں ملوث افراد کو 10 سال قید اور 30 لاکھ جرمانہ ،تخریب کاری کے ذریعے گیس ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچانے پر 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ گھریلو صارف کے گیس چوری میں ملوث ہونے پر 6ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے ۔