ایس ای سی پی اور اے ڈی بی مالیاتی شعبے میں خواتین کی نمائندگی کے موضوع پر ورکشاپ منعقد کریں گے

81
SECP

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک ک مالیاتی شعبے میں خواتین کی نمائندگی کو فروغ دینے کے پیش نظر ” ویمن ان فنانس تھاٹ لیڈرز "کے موضوع پر ورکشاپ منعقد کریں گے ۔

ورکشاپ میں مائیکرو فنانس سیکٹر، ائشین ڈویلپمنٹ بینک ، عالمی مالیاتی ادارے اور گوگل سے ماہرین اور نمائندہ خواتین شرکت کریں گی۔ ورکشاپ کا مقصد مائیکرو فنانس کو فروغ دے کر خواتین کو بااختیار بنانے اور مالی شمولیت کو بڑھانے کے رستے میں حائل رکاوٹوں سے نمٹنے پر پر تبادلہ خیال اور باہمی تعاون پر غور کیا جائے گا ۔

ورکشاپ کے مختلف سیشنز اور مباحثوں میں ماہرین خواتین میں مالی شمولیت کے فروغ ، خواتین کی مالی خودمختاری کے حصول کے لئے غیر بینک مائیکرو فنانس اداروں کے کردار ، صنفی مالیاتی فرق کو کم کرنے کے لئے فنٹیک کی صلاحیت اور غیر بینک مائیکرو فنانس سیکٹر کے مسائل سے نمٹنے پر بات کریں گے۔

ورکشاپ میں پالیسی ساز اداروں ، مالیاتی اداروں ، مائیکرو فنانس پریکٹیشنرز، ماہرین اور ترقیاتی ادروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ورکشاپ کی تجاویز و آراء ملک میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسیوں کی تشکیل میں معاون ہوں گی ۔