ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 196,805 ہو گئی

410
SECP
SECP

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے مالی سال 23۔2022 میں کل27,746 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جو پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ نئی رجسٹریشنز کے بعدایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد 196,805 ہو گئی ہے ۔

ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن ہونے کے بعد مالی سال میں 99.8فیصد کمپنیاں آن لائن رجسٹر ہوئیں۔ ایس ای سی پی کی آن لائن سہولت کو استعمال کرتے ہوئے 1,256 کمپنیاں بیرون ملک سے رجسٹر ہوئیں، رجسٹر ہونے والی کمپنیاں کا کل ادا شدہ سرمایہ کا تخمینہ 36.6ارب روپے ہے۔اس سال سب سے زیادہ کمپنیاں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں رجسٹر ہوئیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ دوسرے اور تجارت کا شعبہ تیسرے نمبر پر رہے۔

ایس ای سی پی کے ڈیٹا کے مطابق رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن کے شعبے میں 4,527 ،انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 4,038 اور ٹریڈنگ میں 3,539 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ ان کے علاوہ خدمات کے شعبےمیں 2,928 ، فوڈ اینڈ بیوریجز میں 1,106 ، سیاحت میں 1,101 ،تعلیم میں 1,048 ،ای کامرس میں 910 ، کارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ میں 732، مارکیٹنگ اور اشتہارات میں 672، ٹیکسٹائل میں 634، انجینئرنگ میں 591، فارماسیوٹیکل میں 468، مایننگ اور قویرنگ میں 462، ہیلتھ کیئر میں 451، پاور جنریشن میں 447، ٹرانسپورٹ میں 423 ، کیمیکل میں 402 اور دیگر شعبوں میں 3,267 کمپنیاں رجسٹرہوئیں۔

ایس ای سی پی نے کمپنیوں کی رجسٹریشن کو سہل بنانے کے لئے اہم اصلاحات کرتے ہوئے رجسٹریشن کے عمل کو مکمل طور پر آن لائن کر دیا ہے جبکہ کمپنی کی رجسٹریشن کا سرٹیفیکیٹ بھی ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔ اس سہولت کو استعمال کرتے ہوئے اب دنیا کے کسی بھی حصے سے، ایس ای سی پی کے دفتر میں آئے بغیر ہی کمپنی آن لائن رجسٹر کی جا سکتی ہے۔

علاوہ ازیں، کمپنیوں کو رجسٹریشن کے وقت ہی صوبائی ریونیو کے محکموں سے رجسٹریشن کی سہلوت فراہم کرنے کے پیش نظر، ایس ای سی پی کی ای سروسز کو صوبائی ریوینو کے محکموں سے انتری گریٹ کر دیا گیا ہے جبکہ کمپنی کی رجسٹریشن ہوتے ہی، کمپنی کو ٹیکس نمبر بھی آن لائن ہی جاری ہو جاتا ہے۔ رجسٹریشن کے بعد کمپنیوں کو کارپوریٹ اکاوئنٹ کھولنے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے بینکوں کے لئے آن لائن پورٹل بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

عوام الناس اور سرمایہ کاروں کو رجسٹریشن میں معاونت کی فراہمی کے لئے ایس ای سی پی کی جانب سے وٹس ایپ ہیلپ لائن شروع کی گئی ہے جہاں فوری طور پر معاونت اور معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ ایس ای سی پی کی ای سروسز کی ایف بی آر اور دیگر صوبائی محکموں کے ساتھ انٹی گریشن کےنتیجے میں ، این ٹی این کی رجسٹریشن کے لیے ایف بی آر میں 26,125 کمپنیاں FBR، 819 کمپنیاںEOBI، 317 کمپنیاںPESSI/SESSIکے ساتھ اور 569 کمپنیاں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ساتھ رجسٹر ہوئیں۔

مزید یہ کہ بینکوں کے لئے رجسٹریشن کے بعد کارپوریٹ اکاؤنٹس کھولنے میں کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ایک آن لائن پورٹل بھی بنایا گیا ہے۔ ایس ای سی پی کے پاس نام کی دستیابی اور کارپوریشن کے عمل سے متعلق سوالات کے فوری حل کے لیے ایک وقف واٹس ایپ کی سہولت بھی ہے۔ مالی سال 2023 کے دوران، 96 فیصد اطمینان کی شرح کے ساتھ تقریباً 14,973 سوالات کے جوابات دیئے گئے۔مالی سال 2023 کے دوران تقریباً 58 فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کے طور پر رجسٹر ہوئیں جبکہ 39 فیصد کمپنیاں سنگل ممبر کمپنیوں کے طور پر رجسٹر ہوئیں۔

تین فی پبلک ان لسٹڈ ، نان پرافٹ ایسوسی ایشنز ، ٹریڈ آرگینائزیشنشز ، اور لمیٹڈ لائبلیٹی پارٹنرشپ کے طور پر رجسٹر ہوئیں ۔ اس سال 841 کمپنیوں میں بیرون ملک سے سرمایہ کاری کی گئی۔ سرمایہ کاری کا بڑا حصہ چین سے 448 کمپنیوں کے ساتھ، امریکہ سے 46، برطانیہ نے 36، افغانستان سے 35، جرمنی نے 32، ترکی اور جنوبی کوریا سے 16، متحدہ عرب امارات نے 15، سنگاپور 11، نائیجریا نے 10، اور دیگر ممالک کی 176 کمپنیوں میں موصول ہوا۔