ایس ای سی پی نے اسلامی مالیاتی سیکٹر میں اکائونٹنگ معیارات کے نفاذکے حوالہ مشاورتی پیپر شائع کر دیا

98
SECP

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے اسلامی مالیاتی سیکٹر میں اکاؤنٹنگ، آڈیٹنگ اور گورننس کے بین الاقوامی معیارات کے نفاذ کے حوالے سے حکمت عملی پر تمام شراکت داروں کی آراء و تجاویز حاصل کرنے کیلئے مشاورتی مقالہ شائع کیا ہے۔ مقالہ کا مقصد اسلامی مالیاتی اداروں کے اکاؤنٹنگ اور آڈیٹنگ آرگنائزیشن کے معیارات کو اپنانے اور ان کے موثر نفاذ کے لئے طریق کار کو وضح کرنا ہے۔

پاکستان کے اسلامی مالیاتی شعبے میں اب تک صرف سات شرعی معیارات کو اپنایا گیا ہے جبکہ مزید دس شرعی معیارات کو اپنانے کا عمل ابھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسلامی مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ان اکاؤنٹنگ اور آڈیٹنگ معیارات کے نفاذ میں معاونت فراہم کرنے کے لئے رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔شرعی معیارات کے نفاذ کی اس نئی حکمت عملی میں جامعیت، انضمام، تعامل، تاثرات، اور عالمی اور داخلی اسلامی مالیات کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں اسلامی مالیاتی اداروں کی حواصلہ افزائی کی جائے کہ ان شرعی معیارات کو رضاکارانہ طور پر اپنایا جائے ۔

بعد ازاں دوسرے مرحلے میں ان معیارات کی عدم تعمیل پر تعزیری کارروائی کے ساتھ ” تعمیل یا وضاحت” کے طریقہ کار اپنایا جائے گا ۔ آخری مرحلے میں مطلع شدہ معیارات کی مکمل تعمیل لازمی قرار دی جائے گی۔توقع ہے کہ نئی حکمت عملی ریگولیٹڈ سیکٹرز میں پیش کی جانے والی اسلامی مالیاتی خدمات کے معیار میں اضافہ کرے گی اور اسلامی مالیاتی لین دین میں شفافیت اور تعمیل کو بڑھانے میں بہت مدد کرے گی، اس طرح اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔