اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے) اور پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان سکیم آف ا رینجمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔ایس ای سی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس سال کے شروع میں وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کو دو حصوں میں منقسم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔
کابینہ نے ایوی ایشن ڈویژن، پی آئی اے اور ہولڈ نگ کمپنی کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس سکیم پر عملدرآمد کے لئے ضروری کارپوریٹ اور ریگولیٹری اقدامات مکمل کریں۔ گزشتہ ماہ پی آئی اے کے شیئر ہولڈرز اور قرض دہندگان نے بھی اسکیم کی منظوری دے دی تھی۔ پی آئی اے کی تنظیم نو کے لئے مجوزہ اسکیم میں کمپنی کے ہوابازی کے بنیادی کاروبار کو اس کی دیگر سرگرمیوں سے قانونی طور پر الگ کر دیا گیا ہے اور کمپنی کے ہوابازی کے علاوہ دیگر امور و سرگرمیوں کو پی آئی اے کی ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
سکیم کی منظوری کے بعد ہولڈنگ کمپنی کو پی آئی اے میں 100 فیصد شیئر ہولڈنگ کا مالک بنانے اور ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے پی آئی اے کے کوالیفائنگ شیئر ہولڈرز کو شیئرز جاری اور الاٹ کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔