ایس ای سی پی کے ریگولیٹری سینڈ بکس کے تحت 9 اختراعی بزنس ماڈلز کی لائیو ٹیسٹنگ کی اجازت

89
SECP

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ریگولیٹری سینڈ باکس کے تحت جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل نو کاروباری ماڈلز کو کامیابی کے ساتھ انکیوبیشن کی مدت مکمل کرنے کے بعد مارکیٹ میں براہ راست ٹیسٹنگ کی اجازت دے دی ہے۔ ریگولیٹری سینڈ بکس میں شامل یہ فن ٹیک کمپنیاں بلاک چین ٹیکنالوجی ، آرٹی فیشل انٹیلی جنس اور سونے اور رئیل اسٹیٹ کے فرکشنلائزیشن، الگورتھمک ٹریڈنگ، ون ونڈو قرضہ، تعلیمی فنانس اور کرائوڈ فنڈنگ پر مبنی کاروباری ماڈل استعمال کر رہے ہیں۔

مارکیٹ میں لائیو ٹیسٹنگ کے دوران یہ کمپنیاں اپنی خدمات محدود مدت کے لئے محدود صارفین کو پیش کریں گی۔ایس ای سی پی نے ستمبر 2023 میں دس درخواست دہندگان جن میں فن کلائوڈ سسٹم پرائیویٹ لمیٹڈ ، میسرز لوپ فنانشل سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ، میسرز اے کے آر یو پاک پرائیویٹ لمیٹڈ ، میسرز سی جی گلوبل پرائیویٹ لمیٹڈ، میسرز ایکس اسٹیٹ ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ، میسرز ڈائمنڈ ٹیکنالوجیز (ایس ایم سی پرائیویٹ) لمیٹڈ ، میسرز کوانٹری پرائیویٹ لمیٹڈ، میسرز ریئلز، میسرز الہلال سکیورٹیز ایڈوائزرز پرائیویٹ لمیٹڈ اور میسرز آئی بکس سیون پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں ، کو مخصوص کاروباری ماڈلز کو جانچنے کے لئے سینڈ بکس کے انکیوبیشن میں شامل کیا تھا۔ اس دوران گیارہ کاروباری ماڈلز میں سے نو نے کامیابی سے انکیوبیشن مرحلہ مکمل کر لیا ہے اور انہیں لائیو ٹیسٹنگ کی اجازت دی گئی ہے۔

انکیوبیشن کے دوران دو کاروباری ماڈلز، میسرز آئی بکس سیون لمیٹڈ کا بزنس ماڈل اور الہلال سکیورٹیز ایڈوائزرز پرائیویٹ لمیٹڈ کا روبو ایڈوائزری پر مشتمل بزنس ماڈل انکیوبیشن مرحلے سے لائیو ٹیسٹنگ کے مرحلے میں کامیابی سے منتقل نہیں ہو سکے۔ تاہم الہلال سکیورٹیز ایڈوائزرز پرائیویٹ لمیٹڈ انکیوبیشن کے مرحلے میں اپنے سونے کے فریکشنلائزیشن ماڈل کی جانچ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایس ای سی پی کا ریگولیٹری سینڈ باکس، مالیاتی خدمات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوا ہے۔ ریگولیٹری سینڈ بکس کے چار سال کے عرصہ میں 130 سے زائد فنٹیک کمپنیوں نے اپنے کاروباری ماڈلز کی جانچ کے لیے درخواستیں دیں ، جن میں سے اب تک 31 کاروباری ماڈلز کی منظوری دی گئی ہے۔