ایس پی اشتیاق خان کا سرکل حویلیاں اور سرکل گلیات کے ایس ڈی پی او، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس

36

ایبٹ آباد۔ 29 مئی (اے پی پی):نو تعینات ایس پی اشتیاق خان نے سرکل حویلیاں اور سرکل گلیات کے ایس ڈی پی او، ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور انچارج چوکیات کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا۔ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل کے وژن کے مطابق انہوں نے سرکل حویلیاں /گلیات کے تمام تھانہ جات کی حدود میں منشیات سمیت آرگنائزڈ کرائم کے خلاف مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو انصاف اور تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، قانونی کارروائی بلاتفریق ہو گی، کوئی غیر قانونی کام نہیں ہو گا، انصاف میں رکاوٹ اور محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے افسران کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

ایس پی حویلیاں اشتیاق خان نے میٹنگ کے دوران بتایا کہ آئس/منشیات فروشوں، قمار بازوں، اسلحہ نمائش، ہوائی فائرنگ اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایس ایچ او نیشنل ایکشن پلان کی عمل داری کو یقینی بناتے ہوئے اپنے دائرہ اختیار کے اندر سکولوں اور کالجز سمیت تمام اہم حساس تنصیبات کی سیکورٹی کا خیال رکھیں جبکہ تفتیشی افسران غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام کیسز میں اصل حقائق اور شواہد اکٹھا کر کے اچھے طریقہ سے مقدمات کی تحقیقات کریں،

تھانہ جات اور چوکیوں میں شہریوں کے ساتھ شائستہ رویہ اپنایا جائے، تھانہ کی سرپرائز انسپکشنز کے دوران حوالات، ریکارڈر، صفائی اور مال مقدمات کو چیک کیا جائے گا ، اچھی کارکردگی کے حامل افسران کو انعام و سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا۔ کرائم کنٹرول، عوامی اعتماد اور بہترین پروفیشنل ایس ایچ او کو بیسٹ ایس ایچ او جبکہ سست کام میں کم دلچسپی لینے والے اور کمزور ایس ایچ اوز کو تبدیل کیا جائے گا، سیاحت کو فروغ دینے میں پولیس اپنا فرض بہترین طریقہ سے ادا کرے گی، کسی سیاح سے نہ تو نکاح نامہ طلب کیا جائے اور نہ روٹ پرمٹ ، عوام کی خدمت ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔