ایشیئن گیمز،مینز والی بال سیمی فائنل میں ایران نے پاکستان کو3-0سے ہرادیا
ایشیئن گیمز،مینز والی بال سیمی فائنل میں ایران نے پاکستان کو3-0سے ہرادیا

مزید خبریں
لاہور۔2اکتوبر (اے پی پی):جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں جاری 20ویں ایشیئن گیمز کے مینز والی بال کے سیمی فائنل میں پاکستان کو ایران کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایران نے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔اوکازاکی چوئو سوگو پارک جمنازیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان نے بھرپور مزاحمت کی تاہم ایران نے تینوں سیٹس میں برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
ایران نے پہلا سیٹ 25-13، دوسرا 25-15 اور تیسرا سیٹ 25-11 سے جیتا۔پاکستان نے ایشیئن گیمز میں سیمی فائنل تک رسائی کے دوران قازقستان کو 3-1، ازبکستان کو 3-0 جبکہ کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 3-0 سے شکست دی تھی۔ایران کے خلاف شکست کے باوجود پاکستان کے پاس کانسی کا تمغہ جیتنے کا موقع موجود ہے۔
قومی ٹیم اب 3 اکتوبر کو کانسی کے تمغے کے میچ میں جاپان اور چین کے درمیان دوسرے سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔کانسی کے تمغے کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے اوکازاکی چوئو سوگو پارک جمنازیم، ایچی ناگویا میں کھیلا جائے گا۔پاکستان والی بال فیڈریشن نے ایشیئن گیمز میں ٹیم کی کارکردگی پر کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شائقین سے قومی ٹیم کی حمایت جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔







