ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی اقتصادی اورسماجی ترقی میں اہم کرداراداکررہاہے، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی اقتصادی اورسماجی ترقی میں اہم کرداراداکررہاہے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرینگ یی کی قیادت میں وفدسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرپاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے دوسرے اہلکار اوروزارت خزانہ کے سینئرحکام بھی موجودتھے۔

وزیرخزانہ نے وفدکاپرتپاک خیرمقدم کیا اورپاکستان میں پائیداربڑھوتری کیلئے اصلاحات کے عمل میں بینک کے کردارکی تعریف کی۔وزیرخزانہ نے وفد کوپاکستان کی اقتصادی صورتحال اورملک میں پائیداراقتصادی نموکیلئے حکومت کی جانب سے بجٹ اوردیگراقدامات کے بارے میں تفصیلی طورپرآگاہ کیا۔انہوں نے وفد کو ریونیو اوردیگرشعبوں کیلئے مقررکردہ اہداف کے بارے میں بھی بتایا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت نے جامع اورپائیداراقتصادی ترقی کیلئے موثراصلاحات پرتوجہ موکوزکررکھی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدرنے وزیرخزانہ کوپاکستان میں توانائی اورسماجی تحفظ کے شعبہ جات میں بینک کی معاونت اوراس حوالہ سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ بینک نے پاکستان کیلئے پانچ سال کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی بنائی ہے جو حکومت پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے عین مطابق ہے۔وزیرخزانہ نے ملک کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں بینک کے کردارکی تعریف وتائیدکی۔

انہوں نے وفد کویقین دلایا کہ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کویقینی بنانے میں حکومت مکمل معاونت فراہم کرے گی۔دریں اثنا وزیرخزانہ سے سیکورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چئیرمین عامرخان نے ملاقات کی۔ملاقات میں سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن سے متعلق امورزیربحث آئے۔