اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ژونگ ژی نے وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کو ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں متعارف کرانے والی اصلاحات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کنٹری ڈائریکٹر ژونگ ژی نےیہ یقین دہانی جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران کرائی جس میں وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری …
ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاور سیکٹر اصلاحات میں تعاون کی یقین دہانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ژونگ ژی نے وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کو ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں متعارف کرانے والی اصلاحات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کنٹری ڈائریکٹر ژونگ ژی نےیہ یقین دہانی جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران کرائی جس میں وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کوبتایا کہ موجودہ حکومت پاکستان توانائی کے شعبہ میں تر جیہی بنیادوں پر وسیع پیمانے پر اصلاحات لا رہی ہے جس میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مینجمنٹ ،پرائیویٹ پارٹی سے لیکر ترسیلی نظام میں بہتری شامل ہے تاکہ موجودہ نظام سے ہونے والے نقصانات پر قابو پایا جا سکے اور صارفین کیلئے سستی بجلی کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر نے جنوبی پنجاب میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جس سے ہر سال روہد کوہیوں سے ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب آجاتی ہیں اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے بتایاکہ موجودہ حکومت ان علاقوں میں چھوٹے ڈیمز بنانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی اور تکنیکی معاونت درکار ہوگی۔
ان منصوبوں سے ان علاقوں میں غربت میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ ملاقات کے دوران کنٹری ڈائیریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک نے موجودہ حکومت کی کوشش کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی بھرپور معاونت کرے گا۔








