ڈی آئی جی جیل خانہ جات کا شاہ پور جیل کا دورہ، محرم انتظامات اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ

ڈی آئی جی جیل خانہ جات سرگودھا ریجن سعیداللہ گوندل نے شاہ پور جیل کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا اور تعلیمی سرگرمیوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی

سرگودھا۔ 24 جون (اے پی پی):ڈی آئی جی جیل خانہ جات سرگودھا ریجن سعیداللہ گوندل نے شاہ پور جیل کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا اور تعلیمی سرگرمیوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی نے محرم الحرام کے حوالے سے جیل میں کیے گئے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا بھی معائنہ کیا۔

انہوں نے مجالس اور سبیل کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات کو چیک کیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عزاداری کے دوران تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل ابوبکر نے ڈی آئی جی جیل کو جیل کے انتظامی امور، تعلیمی پروگرامز، سکیورٹی صورتحال اور محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈی آئی جی سعیداللہ گوندل نے جیل انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ قیدیوں کی اصلاح و تربیت، تعلیم اور فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔