23ویں ایشین ٹیم سکوائش چیمپئن شپ 2026 کے دوسرے روز پاکستان مینز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوریا کو 0-3 سے شکست دے کر فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم کو ٹاپ سیڈ ہانگ کانگ چائنا کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا
ایشین ٹیم سکوائش چیمپئن شپ ، پاکستان مینز ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ برقرار، کوریا کو 0-3سے شکست، ویمنز ٹیم کو ہانگ کانگ چائنا کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا

مزید خبریں
اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):23ویں ایشین ٹیم سکوائش چیمپئن شپ 2026 کے دوسرے روز پاکستان مینز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوریا کو 0-3 سے شکست دے کر فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم کو ٹاپ سیڈ ہانگ کانگ چائنا کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان مینز ٹیم کی جانب سے نور زمان نے پہلے میچ میں کوریا کے جیونگ من ریو کو 11-8، 7-11، 11-8 اور 11-6 سے ہرایا۔ دوسرے میچ میں محمد اصحب عرفان نے جو ینگ نا کو 11-9، 11-8 اور 11-8 سے شکست دی جبکہ تیسرے میچ میں محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو 11-9، 11-9 اور 11-3 سے ہرا کر پاکستان کو تین صفر سے کامیابی دلائی۔دوسری جانب پاکستان ویمنز ٹیم ہانگ کانگ چائنا کے خلاف کوئی میچ نہ جیت سکی۔
پہلے میچ میں لی کا یی نے ثناء بہادر کو 11-3، 11-8 اور 11-3 سے شکست دی۔دوسرے میچ میں ٹوبی تسے یی لام نے مہوش علی کو 11-2، 11-5 اور 11-0 سے ہرایا جبکہ تیسرے میچ میں چینگ نگا چنگ نے ماہ نور علی کو 11-8، 12-10، 10-12 اور 11-3 سے شکست دے کر اپنی ٹیم کو تین صفر سے کامیابی دلائی۔چیمپئن شپ کےدوسرے روز دیگر مقابلوں میں ملائیشیا کی مینز ٹیم نے ہانگ کانگ چائنا کو تین صفر سے شکست دی جبکہ ایران کی ویمنز ٹیم نے کوریا کے خلاف دو ایک سے کامیابی حاصل کی۔چیمپئن شپ کے تیسرے روز 5 نومبر کو پاکستان ویمنز ٹیم ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔ یہ مقابلہ دوپہر 2 بجے شیڈول ہے۔پاکستان مینز ٹیم دوسرے روز کی کامیابی کے بعد اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے جبکہ ویمنز ٹیم ملائیشیا کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔







