رحیم یارخان 24 جنوری (اے پی پی):صا دق آباد کے سپوت اور انٹرنیشنل ریسلرعبدالرحمان مانی جنہوں نے حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ ایشین چیمپئن شپ میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔ اُن کی حوصلہ افزائی کے لیے فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوٹھ ماچھی کی جانب سے ایک لاکھ روپے کیش پرائز دیا گیا۔ تقریب میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوٹھ ماچھی کے ریزیڈنٹ منیجر بر گیڈئیر شہزاد اکرم (ریٹائرڈ)نے عبدالرحمان مانی کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے اجرک پہنائی اور کیش پرائزکے علاوہ مستقبل میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوٹھ ماچھی نہ صرف علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے بلکہ اپنی سماجی ذمہ داری کو بطریق احسن ادا کرتے ہوئے اپنے (CSR) کے سالانہ بجٹ کا ایک بڑا حصہ کھیلوں کی ترقی پر خرچ کرتی ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف قومی سطح کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے مختلف کھیلوں کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔ فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوٹھ ماچھی کا یہ اقدام نہ صرف علاقے کے کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال ہے بلکہ ملک بھر میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔