ایشین ڈویلپمنٹ بینک ملتان میں پانی و دیگر ترقیاتی سکیموں کیلئے فنڈز فراہم کرے گا

144
Asian Development Bank
Asian Development Bank

ملتان۔ 03 جولائی (اے پی پی):ایشین ڈویلپمنٹ بینک(اے ڈبلیو بی) ملتان میں پانی و صفائی سمیت دیگر سکیموں کیلئے واسا کو فنڈز فراہم کرے گا،اس سلسلہ میں واسا اور ایشین ڈویلپمٹ بینک کے مابین معاہدے کیلئے تکنیکی ماہرین کی مدد سے شقیں مرتب کی جارہی ہیں۔ اے پی پی ملتان نے اس حوالے سے بدھ کو یہاں ڈائریکٹر ورکس واسا عارف عباس سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ مستقبل قریب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے واسا شہر اولیاء میں پانی اور صفائی کی متعدد نئی سکیموں کو شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے،معاہدے کی شقیں تکنیکی ماہرین کی مدد سے مرتب کی جا رہی ہیں تاکہ پہلے سے جاری ترقیاتی سکیموں کی اپ گریڈ کرنے کے لیے بھی اے ڈی بی سے تعاون حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر رواں مالی سال کے صوبائی بجٹ میں واسا ملتان کیلئے نئی سکیموں بارے کوئی خاص بجٹ مختص نہیں کیا گیا ہے،تاہم پہلے سے جاری ترقیاتی سکیمیں مقررہ وقت میں مکمل کی جائیں گی۔شہر اولیاء میں پانی اور صفائی ستھرائی سے متعلق نئی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ایک کروڑروپے سے زائد لاگت کی پانی و صفائی کی سکیمیں جلد شروع کی جائیں گی جبکہ قاسم بیلا کے علاقہ کیلئے 15 ملین روپے بھی منظور کیے گئے، فنڈز ملنے پر جلد ہی کام شروع کر دیا جائے گا،شہر بھر کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔