کراچی۔ 24 اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل رائونڈر قاسم اکرم کو ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں حصہ لینے والی 15 رکنی پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کردیا ہے۔19ویں ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے28ستمبر سے7اکتوبر تک چین کے شہر ہینگ زو میں منعقد ہونگے اور یہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت ہونگے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق 20سالہ قاسم اکرم بیس فرسٹ کلاس میچز کے علاوہ چالیس ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیل چکے ہیں ۔ وہ گزشتہ سال انڈر19ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر 19کے کپتان تھے۔اعلان کردہ ٹیم میں 8کھلاڑی وہ ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ان میں عامر جمال،ارشد اقبال، آصف علی،حیدرعلی،خوشدل شاہ،محمد حسنین،شاہنواز دھانی اور عثمان قادرشامل ہیں۔
عامر جمال، عرفات منہاس،ارشد اقبال، قاسم اکرم، عمیر بن یوسف، روحیل نذیر، شاہنواز دھانی اور سفیان مقیم حالیہ دنوں میں پاکستان شاہینز کے ساتھ رہے ہیں ۔ مئی 2023سے پاکستان شاہینز نے زمبابوے، سری لنکا اور آسٹریلیا کے دورے کئے ہیں۔ سری لنکا میں پاکستان شاہینز نے ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا اے کو108رنز سے ہرایا۔ آسٹریلیا میں وہ ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں رنر اپ رہی جبکہ زمبابوے اے کے خلاف اس نے دونوں چار روزہ میچ جیتے البتہ ون ڈے سیریز میں اسے چار دو سے شکست ہوئی تھی۔
ایشین گیمز کے قواعدوضوابط کے مطابق پاکستان شاہینز کوارٹرفائنل سے آغاز کرے گی جو 3اور 4اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔سیمی فائنلز 6اکتوبر کو ہونگے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل 7اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔پاکستان نے 2010 میں چین کے شہر گونگ زومیں ہونے والے ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
پاکستان شاہینز ان قاسم اکرم(کپتان)، عمیر بن یوسف (نائب کپتان)، عامر جمال، عرفات منہاس، ارشد اقبال، آصف علی، حیدرعلی، خوشدل شاہ، مرزا طاہر بیگ، محمدحسنین، محمد اخلاق، روحیل نذیر، شاہنواز دھانی، سفیان مقیم اور عثمان قادر پر مشتمل ہے۔نان ٹریولنگ ریزرو میں عبدالواحد بنگلزئی،مہران ممتاز، محمد عمران جونیئر، محمد عرفان خان نیازی اور مبصرخان شامل ہیں۔
پلیئر سپورٹ اسٹاف شاہد اسلمہیڈ کوچ اور منیجرعمر رشید(بولنگ کوچ)،حنیف ملک (بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ)اور حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ) شامل ہیں۔