ایف آئی ایچ،ورلڈ کپ کیلئے پہلی مرتبہ جامع آفیشل مرچنڈائز کلیکشن متعارف کرانے کا فیصلہ

"انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ٹاپ فینز کے ساتھ شراکت داری کے تحت ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے پہلی مرتبہ جامع آفیشل مرچنڈائز کلیکشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے دنیا بھر کے ہاکی شائقین کو ٹورنامنٹ کی یادگار اشیا خریدنے کا موقع ملے گا۔”

لاہور۔29جولائی (اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ٹاپ فینز کیساتھ شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ2026 کیلئے پہلی مرتبہ جامع آفیشل مرچنڈائز کلیکشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے،جس کے ذریعے دنیا بھر کے ہاکی شائقین کو ٹورنامنٹ کی یادگار اشیا خریدنے کا موقع ملے گا۔

ایف آئی ایچ کے مطابق ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار اتنے وسیع پیمانے پر آفیشل مرچنڈائز پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے،جس میں ہر عمر کے شائقین کے لیے معیاری مصنوعات شامل کی گئی ہیں۔کلیکشن میں ٹورنامنٹ کے مقبول میسکاٹس، ٹی شرٹس، ہوڈیز، کیپس، بکٹ ہیٹس، بیگز، پانی کی بوتلیں، مگز، کی چینز اور دیگر یادگاری اشیا شامل ہونگی۔بچوں کے لیے بھی خصوصی رینج تیار کی گئی ہے تاکہ کم عمر ہاکی مداح بھی ورلڈ کپ کے جوش و خروش کا بھرپور حصہ بن سکیں۔آفیشل مرچنڈائز ٹورنامنٹ کے آن لائن سٹور کے علاوہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ2026 کے دونوں میزبان مقامات، نیدرلینڈز کے ویگنر اسٹیڈیم، ایمسٹرڈیم اور بیلجیئم کے شہر واورے میں واقع بیلفیئس ہاکی ایرینا میں قائم خصوصی ریٹیل آئوٹ لیٹس پر بھی دستیاب ہوگی۔ایف آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ہاکی ورلڈ کپ2026 دنیا کے بہترین کھلاڑیوں اور لاکھوں شائقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا،جبکہ ٹاپ فینز کے ساتھ یہ شراکت داری مداحوں کو ٹورنامنٹ سے مزید قریب لانے،اپنی پسندیدہ ٹیموں سے وابستگی کا اظہار کرنے اور ہاکی کے اس عالمی میلے کی یادگار اپنے ساتھ لے جانے کا منفرد موقع فراہم کرے گی۔