سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 32 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

"سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 32 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔”

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 32 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت اور جرأت سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے،دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں فورسز کی بہادری اور قوم کے غیرمتزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہادر جوانوں نے ہر محاذ پر دشمن اور دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ہیں، قوم کو اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قربانیوں پر فخر ہے۔