صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ میں اصلاحات کا فیصلہ

"صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیرِ صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ فیلڈ فارمیشنز کے افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔”

لاہور۔29جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اصلاحات کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ فیلڈ فارمیشنز کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعےمیں شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات میں روڈ کنسٹرکٹر سے روڈ کسٹوڈین کلچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ان کی مستقل حفاظت اور دیکھ بھال کو بھی محکمانہ ذمہ داری بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایس ڈی او اور سب انجینئر کو مخصوص سڑکیں تفویض کی جائیں گی اور ان سڑکوں کی دیکھ بھال اور بہتری کی مکمل ذمہ داری انہی افسران پر عائد ہوگی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گڑھوں کی فوری مرمت، روڈ شولڈرز کی بحالی اور سڑکوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہوگی۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ سی اینڈ ڈبلیو کے علاوہ خصوصی ٹیمیں بھی سڑکوں کا معائنہ کریں گی اور خراب سڑکوں کی تصاویر اور رپورٹ پیش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی پائیداری اور معیاری دیکھ بھال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔صوبائی وزیرنے کہا کہ غفلت یا ناقص کارکردگی پر متعلقہ فیلڈ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق روڈ انفراسٹرکچر کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نئی ٹیکنالوجی اور جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے سڑکوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، محکمہ مواصلات و تعمیرات میں احتساب، ذمہ داری اور مستقل نگرانی کے نئے نظام کا آغاز ہوگا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ روڈ کنسٹرکٹر سے روڈ کسٹوڈین کا تصور محکمہ مواصلات و تعمیرات میں ثقافتی تبدیلی کا آغاز ثابت ہوگا، جس کے ذریعے سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ان کی طویل مدتی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔