چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوسوں کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کئےجائیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملیحہ سحر

"چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کے انتظامات اور سکیورٹی امور کا جائزہ لینے کے لیے لائسنس ہولڈرز کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) راولپنڈی ملیحہ سحر کی صدارت میں منعقد ہوا۔”

راولپنڈی۔ 29 جولائی (اے پی پی):چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) راولپنڈی ملیحہ سحر کی صدارت میں ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز، متعلقہ محکموں کے افسران، پولیس، ریسکیو 1122، میونسپل اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، بجلی، پانی، اسٹریٹ لائٹس، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ لائسنس ہولڈرز نے اپنے مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملیحہ سحر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے تمام جلوس پرامن، محفوظ اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔