ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ كی کارروائی،غیر قانونی سفر كرنے والے3مسافر گرفتار

122

سیالكوٹ۔ 27 جنوری (اے پی پی):ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے کارروائی کرکے غیر قانونی سفر کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق غیر قانونی سمندر کے راستے اسپین بھجوانے میں ملوث متعدد گینگ بے نقاب کیا جارہا ہے ،ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی کرکے بیرون ملک سے آنے والے 3 مسافروں کو پوچھ گچھ کے لئے سرکل منتقل کر دیا،مسافروں کی شناخت محمد عمران، محمد ناصر اور محمد طیب کے نام سے ہوئی، مسافروں کا تعلق سیالکوٹ اور گجرات سے ہے، جبکہ ایجنٹوں کا تعلق حافظ آباد سے ہے۔

ترجمان کے مطابق مسافروں نے غیر قانونی طریقے سے اسپین براستہ سینیگال جانے کی کوشش کی، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے ایجنٹوں سے اسپین جانے کے 35 لاکھ روپے فی کس میں معاملات طے کیے ، ایجنٹوں نے شہریوں کو وزٹ ویزے پر ایتھوپیا اور بعد ازاں غیر قانونی طور پر سینیگال بھجوایا،سینیگال میں غیر قانونی طور پر قیام کے دوران ایجنٹوں نے شہریوں کو اسپین بھجوانے کی کوشش کی اور ناکام رہے، اس دوران میں ایجنٹوں نے شہریوں کے اہل خانہ سے 5 لاکھ سے 20 لاکھ روپے فی کس ہتھیائے، مسافروں کو پاکستان پہنچنے پر پوچھ گچھ کے لئے تھانے منتقل کردیا گیا۔

ترجمان کے مطابق مسافروں سے ایجنٹوں کی نشاندہی کے حوالے سے معلومات لی جا رہی ہیں،ایف آئی اے نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ بیرون ملک جانے کے لئے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی سے رابطہ کریں،اپنے ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں اورانسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لئے ایف آئی اے کے قریبی سرکل وزٹ کریں۔