اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئےعمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 3 خواتین مسافروں کو گرفتارکرلیا ہے۔
یہاں جاری بیان میں ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافر خواتین کی شناخت روبینہ بی بی ، عنایت بی بی اور مقصود بی بی کے نام سے ہوئی ہے ،گرفتار خواتین فلائٹ نمبر OV- 505 کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان پہنچیں۔ترجمان کے مطابق گرفتار خواتین کا تعلق ملتان، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان کے مختلف علاقوں سے ہے،گرفتار خواتین عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث پائی گئیں ۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار خواتین نے 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس کے عوض عمرہ ویزہ اور ٹکٹس کا انتظام کیا،گرفتار خواتین کے ٹکٹ اور ویزہ کا انتظام محمد عباس نامی شخص نے کروایا۔ انہوں نے کہا کہ محمد عباس گرفتار خواتین کا رشتے دار ہے،
گرفتار خواتین نے مکہ پہنچ کر گداگری شروع کر دی،گرفتار خواتین کئی ماہ تک گداگری کرتی رہی ہیں۔گرفتار خواتین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے،مزید تفتیش جاری ہے۔