ایف آئی اے فیصل آباد زون کا انسانی سمگلنگ اور بی آئی ایس پی فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے فیصل آباد زون نے انسانی سمگلنگ اور بی آئی ایس پی فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 ملزمان کوگرفتار کر لیا، ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی

فیصل آباد۔ 21 ستمبر (اے پی پی):ایف آئی اے فیصل آباد زون نے انسانی سمگلنگ اور بی آئی ایس پی فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 ملزمان کوگرفتار کر لیا، ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ حکام نے بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) فیصل آباد زون نے انسانی سمگلنگ، ویزا فراڈ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام/ احساس کفالت میں خرد برد کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون کی ہدایت پر سرکل فیصل آباد، اے ایچ ٹی سی فیصل آباد اور کمپوزٹ سرکل ساہیوال نے یہ کارروائیاں کیں۔ ناروے ورک ویزا فراڈ میں ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ایف آئی اے سرکل فیصل آباد نے FIR نمبر 497/2026 مورخہ 01-09-2026 بجرم 17/22 امیگریشن آرڈینینس 1979 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد حماد حسین ولد محمد صلاح الدین سکنہ فیصل آباد کو گرفتار کر لیا۔ملزم پر الزام ہے کہ اس نے شہری محمد عامر رضا ولد محمد اقبال سے ناروے ورک ویزا کے نام پر 8 لاکھ 32 ہزار روپے وصول کیے اور بیرون ملک بھجوانے کا وعدہ پورا نہ کیا۔بی آئی ایس پی کفالت میں کٹوتی کرنے والے دو دکاندار گرفتار کرلئے گئے ۔

ایف آئی اے سرکل فیصل آباد نے کیس نمبر 45/26 میں BISP فراڈ میں ملوث دو ملزمان عبدالرحمٰن ولد ذوالفقار علی سکنہ چک نمبر 207-JB تحصیل بھوانہ اور انضمام الحق ولد محمد اشرف سکنہ چک نمبر 237-JB برا لگران چنیوٹ کو گرفتار کر لیا۔کیس مستحق خاتون تسلیم بی بی کی شکایت پر درج کیا گیا۔ الزام ہے کہ ملزمان نے HBL Konnect Abdullah Mobile EasyPaisa Shop، امین پور بنگلہ فیصل آباد پر 22,000 روپے نکلوانے کے لیے بائیومیٹرک تصدیق لی، مگر خاتون کو صرف 15,000 روپے ادا کیے اور 7,000 روپے مبینہ طور پر خود رکھ لیے۔ دیگر مستحق خواتین سے بھی غیر قانونی کٹوتیوں کی شکایات موصول ہوئیں۔کارروائی کے دوران دکان سے HBL Konnect ڈیوائس، Zong اور Jazz ڈیوائسز، رجسٹرز، ویری فکیشن سلپس، CRCs اور موبائل فونز برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے۔ کیس میں HBL Konnect ڈیوائس مالک محمد عظیم، طیب علی، پارٹنر زغم علی اور دیگر متعلقہ عملے کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔آسٹریلیا اسٹڈی ویزا کے نام پر 46 لاکھ کا فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیاایف آئی اے AHTC فیصل آباد نے کیس نمبر 301/26 میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد اسد ولد اظہر حسین سکنہ چک نمبر 45 تحصیل چیچہ وطنی ضلع ساہیوال کو گرفتار کر لیا۔

ملزم پر ساتھیوں سے ملی بھگت کر کے شہری سے آسٹریلیا اسٹڈی ویزا کے نام پر 46 لاکھ 5 ہزار روپے اور اصل پاسپورٹ و شناختی کارڈ وصول کرنے کا الزام ہے۔ تفتیش کے دوران جعلی بینک اسٹیٹمنٹ فراہم کرنے کے شواہد سامنے آنے پر مقدمہ میں دفعہ 468 اور 471 PPC کا اضافہ بھی کر دیا گیا۔ کارروائی SI محمد بشیر خان کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔ ایران، عراق انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرکے ایک رکن کو گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ساہیوال نے FIR نمبر 18/26 مورخہ 19-09-2026 زیر دفعہ 3، 4 PSMA 2018 کے تحت بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی۔ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن کی جانب سے موصولہ ریفرل اور انکوائری نمبر 371/26 کی روشنی میں نیٹ ورک کے کارندے حسن علی عرف حسن بغدادی سکنہ وارڈ نمبر 6 محلہ انصاریان جلالپور بھٹیاں، پنڈی بھٹیاں کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم پاکستان سے ایران اور عراق تک انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔ملزم کے قبضے سے انسانی سمگلنگ سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد اور مالی لین دین کا ریکارڈ برآمد کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔