ایف آئی اے نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گینگ کو گرفتار کر لیا

لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ اشتہاری سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائیاں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر کی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں محمد اطہر، بابر مسیح، محمد عمران وغیرہ شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق گرفتار …

لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ اشتہاری سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائیاں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر کی گئیں۔

گرفتار ملزمان میں محمد اطہر، بابر مسیح، محمد عمران وغیرہ شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں ڈونرز، ایجنٹس اور نجی لیبارٹریوں کے ملازمین بھی شامل ہیں جو راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاقوں سے گرفتار کیے گئے۔ ملزمان انسانی اعضاء کی غیر قانونی خریدوفروخت اور پیوندکاری میں سرگرم تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم بابر مسیح ایف آئی اے لاہور کو 2021 سے مطلوب تھا۔ ملزمان مختلف مریضوں کے گردے پیوند کروانے کے لیے جعلی ٹیشو میچنگ رپورٹس تیار کروانے میں بھی ملوث پائے گئے۔

انہوں نے مریضوں سے لاکھوں روپے بٹورے اور غیر قانونی پیوندکاری کے لیے نجی اسپتالوں کا سہارا لیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق اس مکروہ دھندے میں مزید افراد اور سہولت کار ملوث ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان تیار کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں قرارِ واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت یا پیوندکاری سے متعلق کسی بھی اطلاع پر فوری طور پر قریبی ایف آئی اے دفتر سے رابطہ کریں۔